جنوبی کشمیر کے ضلع کولگام کے ویسو قاضی میں قائم پنڈت کالونی (ٹرینزٹ کیمپ) میں پی ایم پیکیج کے تحت رہائش پذیر کشمیری پنڈتوں نے جموں و کشمیر انتظامیہ کے اس فیصلہ کا خیرمقدم کیا جس میں زیر تعمیر اور تعمیر شدہ نئے فلیٹس کی تحقیقات کا حکم دیا گیا ہے۔
دراصل چند برس قبل کے پی کالونی ویسو میں 512 نئے فلیٹس تعمیر کرنے کی منظوری دی گئی تھی، تاکہ وزیر اعظم پیکیج کے تحت ملازمت پانے والے کشمیری پنڈتوں کو اُن فلیٹس میں منتقل کیا جائے گا۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 21جنوری 2021 تک 208 فلیٹس کا تعمیری کام مکمل ہوچکا ہے جب کہ کشمیری پنڈتوں کے مطابق صرف 48 فلیٹس کا تعمیراتی کام مکمل ہوا ہے۔ دیگر فلیٹس کا کام ابھی نامکمل اس کے باوجود ان فلیٹس کو کشمیری پنڈتوں میں تقسیم کیا گیا ہے، جس پر کشمیری پنڈتوں نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک مذاق کے مترادف قرار دیا۔
ذرائع کے مطابق تعمیراتی کمپنی جموں وکشمیر کنسٹرکشن کمپنی (جے کے پی سی) نے سرکاری حکمنامہ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کولگام کے ویسو اور بڈگام میں 1 بی ایچ کے، کے بجائے 2 بی ایچ کے، فلیٹس تعمیر کئے ہیں، جس پر کروڑوں کی رقم خرد برد کرنے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
اس سلسلے میں مذکورہ کالونی کے مکینوں نے کئی بار اپنی آواز بلند کی، کیونکہ ویسو کے پی کالونی میں 328 خاندان عارضی رہائش گاہوں (شیڈس) میں مقیم ہیں۔