وادی کشمیر اپنی قدرتی خوبصورتی سے دنیا بھر میں مشہور ہے۔ یہاں کے منفرد اور دلفریب سیاحتی مقامات Tourist Destination Kashmir ملکی غیر ملکی و مقامی سیاحوں کو ہمیشہ اپنے طرف راغب کرتے ہیں۔
تاہم جنت کے اس ٹکرے پر قدرتی حُسن سے مالامال ایسے مقامات بھی موجود ہیں جو دنیا کی نظروں سے آج بھی اوجھل ہیں۔ ایسی ہی ایک حسین جگہ ضلع اننت ناگ کے کوکرناگ میں موجود ہے جسے متی گاؤرن کہا جاتا ہے۔
متی گاؤرن ضلع صدر مقام اننت ناگ سے تقریباً 45 کلو میٹر کی دوری پر پیر پنچال کی سرسبز اور بلند پہاڑیوں کے درمیان واقع ہے۔ اس علاقہ کی اونچی پہاڑی پر معروف سیاحتی مقام، مرگن ٹاپ موجود ہے جسے عبور کرتے ہی خطہ جموں کے وادی چناب کا حدود شروع ہو جاتا ہے۔
حسن و فطرت سے بھرپور یہ علاقہ موسم بہار میں بلند و بالا سرسبز پہاڑ دیودار اور چیل کے درختوں سے بھرے سبزہ زار جنگلات دیکھنے والوں پر سحر طاری کر دیتی ہے۔ وہیں موسم سرما میں برف پوش کوہساروں صاف و شفاف پانی کے جھرنوں کی روانی اس جگہ کی خوبصورتی کو مزید دوبالا کرتی ہے۔