بارہویں جماعت کے سالانہ ریگولر (2021) کے امتحانات پورے کشمیر میں شروع ہوگئے ہیں۔ یہ امتحان جموں وکشمیر بورڈ آف اسکول ایجوکیشن (BOSE) کے ذریعے منعقد کیے گئے ہیں۔ اعداد و شمار کے مطابق تقریباً 74 ہزار طلبہ نے امتحان کے لیے رجسٹریشن کرایا ہے جس کے لیے جے کے بورڈ نے کشمیر بھر کے سرکاری اور نجی اسکولز میں 739 امتحانی مراکز قائم کیے ہیں۔
وہیں محمکہ تعلیم کے جوائنٹ سکریٹری نے بھی امتحانی مراکز کے سربراہان کو ہدایت جاری کی ہے کہ وہ امتحان ہالز میں ہیٹنگ اور روشنی کے مناسب انتظامات کو یقینی بنائیں۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ محمکہ کی جانب سے پہلے ہی اطلاع دی گئی ہے کہ دسویں سے بارہویں جماعت کے سالانہ امتحان میں شرکت کرنے والے طلبہ کو موجودہ کورونا وبا کے پیش نظر جے کے بورڈ نے نصاب میں 30 فیصد کی رعایت دی ہے۔
سوالنامے نصاب کے 70 فیصد حصے پر ترتیب دیے گئے ہیں لیکن اسے 100 فیصد سمجھا جائے گا۔ تاہم جے کے بورڈ نے امتحان کے دوران سوالنامے کو حل کرنے کے لیے مختص وقت کو کم کردیا ہے۔ تین گھنٹے کے پرچے میں سوالات کی کوشش کے لیے صرف ڈھائی گھنٹے کا وقت ہوگا۔