گورنمنٹ میڈیکل کالج اننت ناگ میں جن اوشدھی مترا سمیلن، کا انعقاد کیا گیا۔ اس دوران ایڈیشنل چیف سکریٹری ہیلتھ اینڈ میڈیکل ایجوکیشن وویک بھردواج بھی موجود رہے۔ تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے بھردواج نے کہا کہ اس کیمپ کے منعقد کرنے کا مقصد لوگوں میں جن اوشدھی کیندر دوا خانوں کے بارے میں بیداری پیدا کرنا ہے۔
جی ایم سی اننت ناگ میں جن اوشدھی مترا سمیلن کا انعقاد انہوں نے کہا کہ ایسے دوا خانوں پر ادویات نہ صرف سستے داموں پر دستیاب ہے بلکہ اعلی کوالٹی اور کارگر بھی ہے۔
انہوں نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ ہر سب ڈویژنل ہسپتالوں میں جن اوشدھی کیندر کی دستیابی ہو۔
انہوں نے چیف میڈیکل افسر سے کہا کہ وہ 24 گھنٹے کام کرنے والے تمام پی ایچ سیز میں جن اوشدھی اسٹورز کے قیام کے لیے ایک منصوبہ تیار کریں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت جلد ہی اننت ناگ اور بارہمولہ میں دو گودام قائم کرے گی تاکہ جن اوشدھی اسٹورز کے ذریعے ادویات کی مناسب فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔
اس موقع پر جانکاری دیتے ہوئے کہا گیا کہ پہلے مرحلے میں 4 مراکز قائم کیے گئے تھے اور اس وقت اس اسکیم کے تحت ضلع میں 7 مراکز کام کر رہے ہیں۔
اپنا تجربہ بتاتے ہوئے، جن اوشدھی اسٹور کے مالکان میں سے ایک نے کہا کہ پچھلے دو سالوں میں جنرک دوائیوں کی فروخت میں نمایاں اضافہ ہوا ہے اور بہت سے نوجوان جن اوشدھی مراکز قائم کرنے کے خواہاں ہیں۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ پردھان منتری بھارتیہ جن اوشدھی پریوجنا ایک مہم ہے جو حکومت ہند کے فارما سیوٹیکل کے محکمے کی طرف سے شروع کی گئی ہے، تاکہ عوام کو سستی قیمتوں پر معیاری دوائیں فراہم کی جا سکیں جنہیں پردھان منتری بھارتیہ جن اوشدھی پریوجنا کیندرز کے نام سے جانا جاتا ہے۔
جموں و کشمیر میں اس وقت 120 جن اوشدھی کیندر کام کر رہے ہیں، جن میں سے 14 ضلع اننت ناگ میں واقع ہیں۔ بعد ازاں مستحقین میں جن آشودی کٹس تقسیم کئے گئے۔
ایڈشنل چیف سکریٹری کے ہمراہ ڈائرکٹر ہیلتھ، اسٹیٹ ڈرگ کنٹرول آفیسر، سی ایم او، بی ایم او، جی ایم سی اننت ناگ کے ایچ او ڈی کے علاوہ دیگر متعلقہ افسران بھی تھے۔
ایڈیشنل چیف سکریٹری نے ہسپتال کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا اور مریضوں کو فراہم کی جانے والی صحت کی خدمات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے ایک نئے جن اوشدھی اسٹور کے قیام کے لیے تجویز کردہ جگہ کا بھی معائنہ کیا۔