ضلع اننت ناگ کے شانگس بلاک میں کام کر رہے ایچ ڈی ایف کے عارضی ملازمین نے اچھہ بل کے کیفیٹیریا پارک میں خاموش احتجاج کیا، جس میں تمام عارضی ملازمین نے حصہ لیا۔
ایچ ڈی ایف کے عارضی ملازمین کا احتجاج عارضی ملازمین کا مطالبہ ہے کہ 'انہیں کئی ماہ سے اجرت سے محروم رکھا گیا ہے انہیں مستقل بھی نہیں کیاجا رہا ہے جس کی وجہ سے انہیں کافی پریشانیوں کا سامنا ہے۔ ان ملازمین کا کہنا ہے کہ بقیہ محکموں میں کام کر رہے ملازمین کی طرح انہیں بھی ایس آر او 520 زمرے میں شامل کیا گیا تھا لیکن ان کو تب سے باقاعدہ ماہانہ نہیں دیا جا رہا ہے، محکمہ صحت میں کام کر رہے ایچ ڈی ایف ملازمین کو بالائے طاق رکھا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم یہ بات سمجھنے سے قاصر ہیں کہ اتنی خوش اسلوبی سے کام انجام دینے کے باوجود بھی ہمارے ساتھ سوتیلا سلوک کیوں کیا جارہا ہے۔ ان ملازمین کاکہنا ہے کہ کووڈ کی وجہ سے ہسپتال میں بہت کم لوگوں کا آنا جانا رہاجس وجہ سے ان کی تنخواہ بھی پوری نہیں ہو پاتی ہے۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ محکمہ کی لاپرواہی سے ہم فاقہ کشی پر مجبور ہیں۔
مزید پڑھیں:پونچھ: بیوی کے قتل کے الزام میں پولیس اہلکار گرفتار
ایچ ڈی ایف کے ملازم بلال احمد نے بتایا کہ عالمی وبا کے دوران بھی ایچ ڈی ایف کے عارضی ملازمین نے جاں فشانی سے کام کیاہے ان کا کہنا تھا کہ اتنے بڑے بلاک میں چند عارضی ملازمین کا خرچہ نہ نکلنا کسی افسوس سے کم نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ دیگر محکموں میں کام کر رہے عارضی ملازمین کے لیے اگر انتظامیہ کے پاس پیسے ہیں، تو ہمارے لئے کیوں نہیں۔ عارضی ملازمین نے گورنرانتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے مشکلات کا ازالہ کرتے ہوئے ان کی ملازمت کو مستقل کیا جائے۔