جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے تاریخی قصبہ بجبہاڑہ میں موجود داراشکوہ باغ ان دنوں مقامی سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز بنا ہوا ہے۔ داراشکوہ مغل باغ ضلع اننت ناگ کے چناروں کے قصبہ سے مشہور بجبہاڑہ علاقہ میں دریائے جہلم کے کنارے پر موجود ہے۔
سینکڑوں سرسبز چناروں کے درختوں کی موجودگی اس مغل باغ کو دیدہ زیب بناتا ہے۔اس لئے گرمیوں کے موسم میں یہ باغ ہمیشہ مقامی و غیر مقامی سیاحوں کی پسندیدہ جگہ رہی ہے۔عالمی شہرت یافتہ شہر پہلگام جانے والی بائی پاس سڑک کے متصل ہونے اور قدرتی خوبصورتی کی وجہ سے پہلگام سے لوٹنے والے سیاح کو مذکورہ باغ میں چند لمحات ضرور گزارتے ہیں۔
داراشکوہ باغ سابق وزیر اعلی محبوبہ مفتی کے آبائی علاقہ میں موجود ہے۔ پی ڈی پی کے بانی مرحوم مفتی محمد سعید کی تدفین اسی باغ میں کی گئی ہے۔ باغ کے ایک حصہ میں مرحوم مفتی کا مقبرہ موجود ہے۔
اپنے دور اقتدار کے دوران مرحوم مفتی سعید نے باغ کی رونق کو مزید دوبالا کرنے کے لئے اس کی دیکھ بال جے کے بینک کے سپرد کی تھی ۔تاہم نا معلوم وجوہات کی بنا پر رواں برس جے کے بینک نے مذکورہ باغ کی ذمہ داری چھوڑ دی اور اسے محکمہ فلوری کلچر کے حوالے کر دیا۔دفعہ 370 کی تنسیخ سے لیکر کووڈ19 کی وجہ سے پیدا شدہ صورتحال کے دوران داراشکوہ باغ مسلسل تین برس تک بند رہا۔