جموں و کشمیر کے ضلع بجبہاڑہ کے ہائر سیکنڈری اسکول میں بجبہاڑہ پریمیئر لیگ کا فائنل میچ کھیلا گیا، اس موقع پر اننت ناگ ضلع کرکٹ ایسوسی ایشن کے صدر فاروق امین، بجبہاڑہ کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین نصیر احمد وید اور کرکٹر پرویز رسول موجود تھے۔
بجبہاڑہ پریمیئر لیگ کا فائنل میچ بجبہاڑہ اسپورٹس کلب اور اسلامیہ کنگس اننت ناگ کے درمیان کھیلا گیا۔ جس میں بجبہاڑہ اسپورٹس کلب نے سات وکٹ سے جیت حاصل کرکے ٹرافی اپنے نام کی۔
اس موقع پر بجبہاڑہ کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین نصیر احمد وید نے کہا کہ 'بجبہاڑہ پریمیئر لیگ میں جنوبی کشمیر کی 16 ٹیموں نے حصہ لیا تھا، جب کہ میچ کا آخری مقابلہ آج بجبہاڑہ اسپورٹس کلب اور اسلامیہ کنگس اننت ناگ کے درمیان کھیلا گیا۔'
انہوں نے کہا کہ 'بجبہاڑہ کرکٹ ایسوسی ایشن کا مطلب صرف ٹورنامنٹ کو آرگنائز کرنا نہیں ہے، بلکہ ہونہار نوجوانوں کو ایک صحیح پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔'