جموں و کشمیر کے ضلع اننت ناگ کے حلقہ انتخاب بجبہاڑہ کے نانل ماگرے پورہ سے تعلق رکھنے والی فریدہ اختر نے شہد کی مکھیوں کی افزائش اور شہد کا کاروبار 2016 میں شروع کیا تھا، جو اس وقت ان کے لئے روزگار کے وسائل پیدا کررہا ہے، فریدہ اس سے اپنے اہل خانہ کی کفالت کرنے میں کامیاب ہوچکی ہے۔
اننت ناگ: فریدہ اختر خواتین کے لیے ایک مثال
فریدہ اختر نے تجارت کے شعبے میں اپنا الگ مقام حاصل کرکے اُن نوجوانوں کے لئے مثال قائم کی ہے، جو تعلیم حاصل کرنے کے بعد سرکاری نوکریوں کے پیچھے اپنی زندگیاں برباد کردیتے ہیں اور نوکری نہ ملنے پر مایوسی کا شکار ہوجاتے ہیں۔
فریدہ اختر کے شوہر نے کہا کہ انہوں نے اپنی اہلیہ کو اس کام کو شروع کرنے میں مکمل تعاون دیا اور آج کل دونوں میاں بیوی اس کام کے ساتھ منسلک ہیں جب کہ ان کی اہلیہ اپنے بچوں کی دیکھ بھال کے ساتھ ساتھ ان شہد کی مکھیوں کی افزائش کرتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت خواتین کو با اختیار بنانے کے لئے سنجیدہ ہے، جس کے لئے وہ ان کی شکر گزار ہیں۔
مزید پڑھیں؛۔گیا: پرندوں کے انوکھے شیدائی حفیظ الرحمن خان
اگر ضرورت ہے تو صرف پختہ ارادوں کی کیونکہ بہت ساری لڑکیاں تعلیم حاصل کرنے کے بعد مایوسی کا شکار ہوجاتی ہیں، ایسے میں ان خواتین کو فریدہ سے سبق حاصل کرنا چاہیے، تاکہ اپنی زندگی میں کچھ خاص کرسکیں۔