وادی میں موسم سرما کے آمد کے ساتھ ہی سوکھی سبزیوں کی مانگ میں اضافہ ہوتا ہے۔ وادی کے دیگر مقامات کی طرح ضلع اننت ناگ کے مصروف ترین مارکیٹس، خاص کر ریشی بازار، چینی چوک، لال چوک و مختلف بازاروں میں لوگ سوکھی سبزیوں اور دالوں کی خریدوفروخت میں مصروف نظر آرہے ہیں۔
سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی وادی کے لوگ سوکھی سبزیوں جسے مقامی زبان میں( ہوکھ سیون) کہا جاتا ہے کا ذخیرہ کرتے ہیں۔ موسم سرما میں سوکھی سبزیوں کو اپنے گھروں میں محفوظ کرنا یہاں کی صدیوں پرانی روایت ہے جو آج بھی برقرار ہے۔
لوگ سردیوں کے دوران سوکھی سبزیوں کے مختلف پکوان تیار کرکے بڑے شوق سے کھاتے ہیں۔
لوگوں کا یہ بھی ماننا ہے کہ منفی درجہ حرارت کے دوران سوکھی سبزیاں کھانے سے نزلہ اور زکام نہیں ہوتا۔ اس لئے سوکھی سبزیاں نہ صرف لذت کے اعتبار سے پسندیدہ غذا ہے بلکہ صحت کے لیے بھی کافی مفید ہے۔
دراصل منفی درجہ حرارت کے بعد تازہ سبزیوں کے اگنے کے موسم کا خاتمہ ہو جاتا ہے۔ شدید سردیوں کی وجہ سے تازہ سبزیوں کی نشو نما متاثر ہوتی ہے۔ اس لئے سردیوں کے ایام میں یہاں سوکھی سبزیوں کا استعمال عام ہوتا ہے۔
ماضی میں یہاں کے لوگ موسم گرما میں مختلف تازہ سبزیاں سکھا کر سرما کے لئے ذخیرہ کرتے تھے۔ لیکن اب یہ روایت صرف اپنے گھروں تک ہی محدود نہیں رہی بلکہ بڑھتی مانگ کے پیش نظر آہستہ آہستہ یہ روایت اب کاروبار میں تبدیل ہوتی جا رہی ہے۔