ریاست اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ آج پہلی مرتبہ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی پہنچے۔ وہ آج صبح تقریبا 11:20 پر اے ایم یو کے ولنگٹن کرکٹ پویلین پر ہیلی کاپٹر سے اترے اور اس کے بعد وہ علیگڑھ کلکٹریٹ کار سے گئے، جہاں پر انہوں نے کورونا سے متعلق انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس کے بعد وہ اے ایم یو کے جواہر لعل میڈیکل کالج کے آڈیٹوریم میں یونیورسٹی اور علیگڑھ انتظامیہ کے ساتھ میٹنگ کی جس کے بعد انہوں نے صحافیوں سے خطاب کیا۔
یوگی آدتیہ ناتھ کے پہلی مرتبہ اے ایم یو آنے سے اے ایم یو کے میڈیکل کالج کے لیے کورونا سے متعلق کسی تحفے کی امید کی جا رہی تھی لیکن وزیر اعلی نے اپنے خطاب میں کسی بھی طرح کا کوئی اعلان نہیں کیا۔
یوگی آدتیہ ناتھ نے اپنے خطاب میں کہا اب ہر کوئی کورونا ویکسینیشن کے پروگرام میں شامل ہو رہا ہے اور ویکسینیشن ہی کووڈ 19 کا 'سیفٹی سائیکل' ہے۔ انہوں نے کہا کہ زندگی انمول ہے اور انسانی ہمدردی سب سے اہم ہے۔ ہر جان کو حساس انداز میں بچانے کا کام کیا جا رہا ہے جس کی آج سب سے بڑی ضرورت ہے۔
یوگی آدتیہ ناتھ نے اے ایم یو کے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج کے آڈیٹوریم میں اے ایم یو اور ضلع کے عہدیداران کے ساتھ جائزہ لیا۔ اس دوران انہوں نے ورچوئل طریقے سے لوگوں سے بات چیت بھی کی۔ انہوں نے کہا کہ میدان میں اتر کر ہی وبا کے خلاف مہم شروع کری ہے۔