علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے تاریخی ماہنامہ 'یونیورسٹی گزٹ' کو خود بانی درس گاہ سر سید احمد خان نے 30 مارچ 1866 کو اردو اور انگریزی زبان میں جاری کیا تھا۔ جس میں ادارے سے متعلق اہم دستاویزات شائع ہوئیں۔
صد سالہ تقریبات کی یادگار کے طور پر اے ایم یو گزٹ کا خصوصی شمارہ جس کا اجراء خود وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے 9 جولائی 2021 کو کیا تھا۔
پروفیسر شافع قدوائی نے خصوصی گفتگو میں کہا کہ یونیورسٹی گزٹ کا صد سالہ خصوصی شمارہ سے متعلق سوشل میڈیا اور اخبارات میں بہت کچھ کہا جا رہا ہے۔ اس میں دو تین باتیں سمجھنے کی ہیں، ایک تو یہ ہے کہ صد سالہ خصوصی شمارہ کا کیا مطلب ہے، لوگ تو یہ سمجھ رہے ہیں کہ یونیورسٹی کی سو سال کی تاریخ بیان کی گئی ہے۔
صدسالہ خصوصی شمارہ اس پر نہیں ہے یونیورسٹی کے سو سال کی تاریخ کے لئے ایک علیحدہ کتاب تیار ہو گئی ہے، جلد ہی اس کا اجراء ہوگا۔ یہ جو یونیورسٹی گزٹ کا صدسالہ خصوصی شمارہ ہے اس میں یونیورسٹی کے صدسالہ تقریبات پر جو مختلف پروگرام کا اہتمام کیا گیا تھا، یونیورسٹی کے مختلف شعبوں نے ویبینار کروائے تھے، باب صدی کی تعمیر ہوئی، صدسالہ تقریب کے روز ملک کے وزیراعظم نے ایک خاص ڈاک ٹکٹ کا اجراء کیا اور صد سالہ تقریب میں جو ملک کے وزیراعظم مہمان خصوصی کی حیثیت سے اور اس وقت کے وزیر تعلیم مہمان اعزازی کی حیثیت سے شریک ہوئے تھے، ان کی تقریر اور تصویر کو خصوصی شمارہ میں شامل کیا گیا ہے۔
پروفیسر شافع قدوائی نے مزید کہا یونیورسٹی گزٹ صدسالہ خصوصی شمارہ یونیورسٹی کی صد سالہ تقریب پر ہے، اے ایم یو نے کس طرح اپنے قیام کا سو سالہ جشن منایا اس کو یہ سمجھ لینا کہ یونیورسٹی کی تاریخ اور سرسید احمد خان کے بارے میں ہے تو یہ دو الگ الگ چیزیں ہیں۔ یونیورسٹی گزٹ کا خصوصی شمارہ یونیورسٹی کے صد سالہ تقریبات سے متعلق ہے۔