علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کووڈ کی دوسری لہر کی وجہ سے پیدا شدہ حالات کے بعد یونیورسٹی برادری کے درمیان خوداعتمادی بحال کرنے اور اپنے تحفظ کے لیے ضروری اقدامات کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ کووڈ وبا کے دوسرے دور نے قومی سطح پر غیر معمولی حالات پیدا کر دئے ہیں اور گزشتہ کچھ دنوں سے یونیورسٹی کے کئی موجودہ، سابق اساتذہ اور غیر تدریسی ملازمین کو ہم نے کھو دیا ہے۔ یہ یونیورسٹی کے لیے ناقابل تلافی نقصان ہے۔ اللہ انہیں جنت میں اعلی مقام عطا فرمائے۔'
اے ایم یو وائس چانسلر کی اپیل یونیورسٹی اساتذہ، اسٹاف اور طلبا کے نام جاری ایک اپیل میں وائس چانسلر نے کہا کہ 'ان مسائل کے باوجود ہماری کوشش ہے کہ کووڈ کی موجودہ لہر سے ہم کامیابی کے ساتھ نبردآزما ہوں۔ اس کے لیے ہم اپنے تمام موجودہ وسائل کا بھرپور استعمال کر رہے ہیں۔'
انہوں نے کہا کہ میں آپ سے اپیل کرتا ہوں کہ آپ لوگ پرسکون رہیں کسی قسم کی بے چینی یا بدامنی کا شکار نہ ہوں۔
پروفیسر منصور نے کہا کہ ہمیں پورا احساس ہے کہ جو مسائل ہیں وہ نہایت سنجیدہ اور بڑے ہیں اور آپ تمام لوگوں کی مدد اور تعاون کے بغیر اس سے نبردآزما نہیں ہوا جا سکتا۔ کووڈ کی دوسری لہر شروع ہونے کے بعد سے مریضوں کی تعداد میں غیر معمولی اضافہ کی وجہ سے جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج میں آکسیجن کی دستیابی میں کمی واقع ہوئی ہے۔ اس کے لیے ہم لگاتار اعلی حکام سے مختلف سطحوں پر رابطے میں ہیں تاکہ میڈیکل کالج کو آکسیجن کی مناسب سپلائی جاری رہے۔
ایک طویل مدتی تدبیر کے طور پر ہم نے میڈیکل کالج میں 1.41 کروڑ روپئے کی لاگت سے آکسیجن کی پیداوار کرنے کے لیے ایک پلانٹ تشکیل بنانے کا احکام جاری کر دیا ہے جو تین یا چار ہفتوں میں تیار ہو جائے گا۔ میں نے سپلا لیباریٹریز کے صدر کو بھی خط لکھا ہے کہ وہ ریمڈیسور انجیکشن کے 1000 ڈوز میڈیکل کالج کو فراہم کرنے میں مدد کریں۔
وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے کہا کہ جواہر لعل نہرو میڈیکل کالج میں کووڈ پر قابو پانے کے مقصد سے مزید سہولیات فراہم کی جارہی ہیں اور نئے بستروں کا اضافہ کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی ڈینٹل کالج اور طیبہ کالج سے جونیئر ریذیڈنٹ، نرسنگ اسٹاف اور دیگر پیرا میڈیکل اسٹاف کا ٹراما سینٹر میں وقتی طور سے تبادلہ کیا گیا ہے۔ میں نے ہائیر ایجوکیشن کے سیکریٹری اور یو جی سی کو بھی خطوط لکھے ہیں تاکہ میڈیکل کالج میں مزید سہولیات بڑھائی جاسکیں اور اس کے لیے ضروری فنڈ دستیاب ہو سکے۔
پروفیسر طارق منصور نے کہا کہ میں پر زور طریقے سے آپ سے اپیل کرتا ہوں کہ اگر ضروری نہ ہو تو آپ بھیڑ بھاڑ والی جگہوں پر نہ جائیں اور کووڈ سے متعلق ضابطوں کی سختی سے پیروی کریں اور اس کے ساتھ ہی اولین ترجیح کے طور پر آپ خود اور اپنے تمام اہل خانہ کو کووڈ سے مطالق ویکسین ضرور لگوائیں۔
وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے اس موقع پر تمام ڈاکٹروں، پیرا میڈیکل اسٹاف اور اگلی صفوں میں کام کرنے والے میڈیکل کارکنان کا اس مشکل گھڑی میں ان کی بے لوث خدمات کے لیے شکریہ بھی ادا کیا۔