علیگڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے وائس چانسلر پروفیسر طارق منصور نے اورل آنکولوجی یونٹ کا افتتاح کرتے ہوئے آنکولوجی یونٹ کے قیام کی سراہنا کی اور اورل کینسر کے علاج میں بہتر نتائج کے لئے انٹر ڈسپلنری سرجری ٹیم کو شامل کرنے کی ضرورت پر روشنی ڈالی۔
انہوں نے ڈینٹل کالج کی مزید ترقی کے لئے اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا اور اس موقع پر یونیورسٹی جنرل آف میکزیلو فیشیئل سرجری اینڈ اورل سائنسز کے پہلے شمارے کا بھی اجراء کیا۔
اے ایم یو ضیاءالدین احمد ڈینٹل کالج کے پرنسپل پروفیسر تیواری نے بتایا کہ ڈینٹل کالج کے زیر اہتمام کئی ویبینار منعقد کئے گئے جس سے ڈینٹل پیشہ ور کثیر تعداد میں مستفید ہوئے۔ انہوں نے ڈینٹل کالج کی ترقی کے لئے وائس چانسلر کے تعاون کا بھی ذکر کیا۔
جواہر لال نہرو میڈیکل کالج کے پرنسپل اور سی ایم ایس ڈاکٹر شاہد صدیقی نے اورل آنکولوجی یونٹ کے قیام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک میں چند ہی مقامات پر اورل کینسر کے علاج کی سہولیات دستیاب ہیں اور یہ بہت مہنگی بھی ہے۔