ریاست اترپردیش کے ضلع غازی آباد کے لونی علاقے میں ایک 72 سالہ بزرگ عبدالصمد سیفی کو ہجوم نے بے رحمی سے مارا پیٹا اور ان کی داڑھی کاٹ دی۔ ان سارے معاملات کے خلاف اے ایم یو طلبا نے یونیورسٹی ڈک پوائنٹ پر اکٹھا ہو کر باب سید تک احتجاج کر کے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا۔
طلبا کا کہنا ہے کہ 'اتر پردیش میں مسلمان محفوظ نہیں ہیں، جس لیے حکومت کو برخاست کیا جائے۔ طلبا نے صدر جمہوریہ کے نام ایک میمورنڈم بھی دیا جس میں عبدالصمد کے ساتھ پیش آئے واقعے میں ملوث سبھی ملزمین کو جلد سے جلد گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا گیا'۔
اتر پردیش میں مسلمان محفوظ نہیں ہیں :اے ایم یو طلبہ احتجاج کے دوران طلبا نے نعرے بازی کرتے ہوئے کہا کہ 'ایک بار پھر سے مسلمانوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ریاست اتر پردیش میں مسلمان محفوظ نہیں ہیں جس کے لیے حکومت کو مسلمانوں کے تحفظ کے لیے قانون بنانا چاہیے۔ جیسے ایس ٹی/ ایس سی کے لئے قانون ہیں'۔
اے ایم یو طلبا رہنما فرحان زبیری نے بتایا کہ 'جس طرح سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں ایک عبدالصمد نام کے بزرگ جن کی عمر تقریبا 72 سال ہوگی ان کو جس طریقے سے مارا جارہا ہے اور ان کی داڑھی کاٹی جارہی ہے سب سے پہلے ہم اس کی مخالفت کرتے ہیں۔ اس طرح کا حادثہ کسی بھی برادری کے ساتھ نہیں ہونا چاہیے'۔
فرحان زبیری نے مزید کہا کہ 'یہ مسلمانوں کے ساتھ عام ہوگیا ہے کبھی بھی کسی کو بھی مار دیا جاتا ہے۔ میں حکومت سے درخواست کروں گا کہ اس کے لیے سخت سے سخت قانون بنایا جائے'۔ انہوں نے مزید کہا کہ 'مجرمانہ سرگرمیاں اتنی بڑھ گئی ہیں جس پر قابو پانے کے لیے یوگی حکومت ناکام ہے اس لئے ہم چاہتے ہیں سرکار کو جلد سے جلد برخاست کیا جائے'۔ یونیورسٹی کے ایک طالب علم محمد مصباح نے کہا کہ 'عبدالصمد کے ساتھ پیش آئے واقعے میں جو بھی ملزم ہیں جلد از جلد ان کو سخت سے سخت سزا سنائی جائے۔
میمورنڈم حاصل کرنے کے بعد یونیورسٹی پراکٹر پروفیسر محمد وسیم علی نے بتایا کہ آج یونیورسٹی کے طلبا نے ایک احتجاجی مظاہرہ کر کے صدر جمہوریہ کے نام میمورنڈم دیا ہے۔ غازی آباد کے لونی علاقے میں عبد الصمد نام کے شخص کے ساتھ جو واقعہ پیش آیا ہے اس واقعہ میں جو بھی لوگ ملوث ہیں چاہے وہ کسی بھی مذہب سے تعلق رکھتے ہیں ان کو جلد سے جلد گرفتار کر کے سزا سنائی جائے۔