جی ہاں اس سے قبل وزیر داخلہ امت شاہ نے ایوان سمیت مختلف عوامی ریلیوں میں خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ این آر سی ملک بھر میں نافذ ہوگی اور اب پارلیمنٹ میں کہا جا رہا ہے کہ فی الحال پورے ملک میں این آر سی نافذ نہیں ہونے والی۔
'امت شاہ کے بیان کے بعد بھی مظاہرے بند نہیں ہوں گے' - گجرات کے لوگوں نے کہا
سی اے اے اور این آر سی کے خلاف مسلسل ہو رہے احتجاجی مظاہروں کے درمیان وزیر داخلہ نے پارلیمنٹ میں آج پہلی بار بیان دیتے ہوئے کہا ہے کہ فی الحال پورے ملک میں این آر سی نافذ کرنے کا حکومت کا کوئی منصوبہ نہیں ہے۔ جس سے کئی سوالات کھڑے ہو رہے ہیں اور ان کے سابقہ بیان کو اس بیان کی روشنی میں بھی دیکھا جا رہا ہے۔
اس پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے گجرات کے لوگوں نے کہا کہ 'حکومت بیان بدلتی رہتی ہے، ایسے میں اب عوام کس پر بھروسہ کرے۔ وزیراعظم نریندر مودی کچھ اور کہہ رہے ہیں اور وزیر داخلہ امت شاہ کچھ اور کہتے ہیں۔ یہ سب بیان عوام کو گمراہ کرنے کے لیے دیے جارہے ہیں۔ اب عوام کا بھروسہ حکومت پر سے اٹھ چکا ہے اور عوام کسی بھی بیان پر بھروسہ نہیں کر سکتی۔ عوام کا کہنا ہے کہ این آر سی ،سی اے اے اور این پی آر کے خلاف آواز اٹھتی رہے گی اور ہر جگہ اس طرح کے مظاہرے جاری رہیں گے۔ ان بیانوں سے احتجاجی مظاہرے پر کوئی اثر نہیں ہونے والا ہے۔
واضح رہے کہ احمد آباد کے تین مقامات پر بڑے پیمانے پر سی اے اے، این آر سی اور این پی آر کے خلاف احتجاجی مظاہرہ گزشتہ کئی دنوں سے جاری ہے۔ ایسے میں مظاہرین کا کہنا ہے کہ ایسے منصوبوں اور بیانوں سے بھی یہ مظاہرے ہرگز نہیں بند ہونگے۔