کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے نافذ کردہ لاک ڈاؤن نے ہر شعبہ اور ہر تعلیمی اداروں کو بھی متاثر کیا ہے۔ اس دوران احمدآباد کی تاریخی اور سب سے قدیم و معروف پیر محمد شاہ لائیبریری اینڈ ریسرچ سینٹر پر لاک ڈاؤن کا گہرا اثر دیکھنے کو ملا۔ جس کی پوری عکاسی اس لائبریری کے ڈائریکٹر پروفیسر محی الدین بومبے والا نے ای ٹی وی بھارت کے نمائندہ سے کی۔
احمدآباد کی پیر محمد شاہ لائیبریری اینڈ ریسرچ سینٹر حضرت پیر محمد شاہ درگاہ کا حصہ ہے جہاں سے بڑی تعداد میں ہمیشہ قارئین، طلبا، پروفیسرز، ٹیچرز،ریسرش اسکالر، اور صحافی آکر اپنے من پسند کتابیں پڑھتے اور گھر لے جاتے ہیں۔ اس لائبریری میں اردو کی سب سے قدیم کتابیں، مخطوطات اور قدیم دستاویزات موجود ہیں۔ یہ گجرات کی سب سے بڑی اردو لائبریری ہے۔ لیکن لاک ڈاؤن کے دوران یہ لائبریری بھی بند تھی جو آج سے ان لاک 4 کی گائیڈ لائن کے مطابق دوبارہ کھلی ہے۔
اس تعلق سے پیر محمد شاہ لائیبریری کے ڈائریکٹر پروفیسر محی الدین بومبے والا نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے دوران حکومت کی گائیڈ پر عمل کرتے ہوئے اس لائبریری کو بند کر دیا گیا تھا لیکن ریسرچ اسکالرس اور قارئین کی ڈیمانڈ پر ہم آن لائن تمام طرح کی کتابیں اور معلومات ان تک پہنچا رہے تھے۔ اس دوران کتابیں بھی فروخت ہو رہی تھیں۔