ریاست گجرات میں آج دوسرے مرحلے میں ہوئے بلدیاتی انتخابات کے نتائج کا اعلان کیا گیا، جس میں بی جے پی کو بڑے پیمانے پر سبقت حاصل ہوئی، لیکن گجرات میں پہلی مرتبہ انتخابات لڑنے والی اسدالدین اویسی کی پارٹی ایم آئی ایم کو بھی شاندار کامیابی حاصل ہوئی ہے، گجرات میں گودھرا، موڑاسا اور بھروچ میں ایم آئی ایم کے کل 17 امیدوار کو کامیابی حاصل ہوئی ہے۔
گودھرا یہ وہی شہر ہے جہاں 2002 میں سابر متی ایکسپریس ٹرین جلائی گئی تھی، جس میں 59 کارسیوک ہلاک ہوئے تھے اور اس کے بعد پورے گجرات میں فرقہ وارانہ فسادات پھوٹ پڑے تھے۔ اس سانحہ کو 19 سال مکمل ہوگئے اور پہلی مرتبہ اسدالدین اویسی کی پارٹی آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین نے گودھرا میں ضلع پنچایت اور نگر پالیکا کے انتخابات کے لیے 8 سیٹوں پر اپنے امیدواروں کو میدان میں کھڑا کیا تھا، جن میں سے اس کو سات سیٹوں پر کامیابی حاصل ہوئی ہے۔