کورونا وائرس کا اثر سفرحج پر بھی دیکھنے کو مل رہا ہے۔ کیونکہ کورونا کے بڑھتے قہر کی وجہ سے بھارت کے عازمین کے سفر حج کا امکان بہت کم نظر آرہا ہے جس کی وجہ سے آل انڈیا حج کمیٹی نے فیصلہ کیا ہے کہ رواں برس کے عازمین حج اپنی جمع رقم واپس لے سکتے ہیں۔
گجرات: کورونا کے سبب عازمین حج میں مایوسی ایسے میں ریاست گجرات کے بیشتر عازمین حج نے اپنا حج کینسلیشن فارم بھر دیا ہے تو کئی عازمین اب بھی انتظار کر رہے ہیں کہ انہیں سفر حج پر جانے کا موقع ملے گا۔
آپ کو بتا دیں کہ گجرات سے سفر حج پر جانے کے لیے تقریباً 35 ہزار افراد نے فارم بھرا تھا۔
جس میں سے تقریبا 7 ہزار سے زائد لوگوں کا سلیکشن کیا گیا تھا۔ گجرات سے ہر برس بڑی تعداد میں سفر حج پر لوگ جاتے ہیں بعض دفعہ تو کئی سال فارم بھرے جانے کے بعد لوگوں کا نمبر آتا ہے۔
لیکن رواں برس کورونا وائرس کا قہر گجرات میں شدید دیکھا جارہا ہے ایسے میں حج کمیٹی آف انڈیا کی گائیڈ لائن کے مطابق کئی عازمین حج نے سفر حج پر نہ جانے کا فیصلہ کیا ہے، تو بہت سے عازمین انتظار کر رہے ہیں کہ شاید کچھ عازمین کو سفر حج پر جانے کا موقع دیا جائے تو ہمیں بھی سفر حج کی سعادت حاصل ہو سکتی ہے۔
اس تعلق سے گجرات عازمین حج کا کہنا ہے کہ کئی برس مسلسل فارم بھرنے کے بعد ہمیں اس سال جانے کا موقع ملا تھا لیکن گجرات میں کورونا کی اس قدر وبا پھیلی کہ لوگ گھر سے باہر بھی نہیں نکل سکتے ایسے میں سفر حج کر بھی بہت مشکل لگ رہا ہے اس لیے ہم نے خود اپنا فارم کینسل کردیا۔
انہوں نے مزید کہاکہ' ہمیں بہت دکھ ہے کہ ہم رواں برس سفر حج کو نہیں جا سکیں گے لیکن انشاءاللہ ہماری کوشش رہے گی کہ آئندہ برس سفر حج پر جانے کا موقع ملے۔