اس سلسلے میں اعلان کرتے ہوئے پولیس کمشنر اے کے سنگھ نے کہا ہے کہ گجرات حکومت نے یہ اصول سپریم کورٹ کے حکم کے تحت بنایا ہے۔ اس کے علاوہ رات 10 بجے کے بعد پٹاخوں کی آن لائن فروخت پر بھی پابندی کے احکامات جاری کردیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے رات دس بجے کے بعد پٹاخوں کے پھوڑنے پر پابندی عائد کردی ہے۔ اسی بابت احمدآباد پولیس کمشنر اے کے سنگھ نے رات 10 بجے کے بعد پٹاخے پھوڑنے والوں کے خلاف کارروائی کرنے کا حکم دیا ہے۔
اس کے علاوہ فلپ کارٹ، ایمیزون سمیت کسی بھی ای کامرس ویب سائٹ پر پٹاخوں کی آن لائن فروخت پر بھی پابندی عائد ہے۔
واضح رہے کہ ہسپتال، نرسنگ ہومز، صحت مراکز، تعلیمی ادارے ، عدالت اور مذہبی مقامات کے 100 میٹر کے دائرے میں پٹاخے چلانے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ ان جگہوں کو سائلینٹ زون کے تحت رکھا گیا ہے۔
دیوالی سے پہلے ہر برس اس طرح کی ہدایات جاری کی جاتی ہیں اور ہر سال قانون کی خلاف ورزی ہوتی رہتی ہے، ایسی صورتحال میں یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ اس بار پولیس کمشنر کی ہدایتوں پر کتنا عمل کیا جاتا ہے۔