ضلع انتظامیہ نے جمعرات کو رائے دہی کے تئیں بیداری پھیلانے کے مقصدسے سیلفی پوائنٹ بنایا ہے۔ انکیچ چوراہے پر واقع سیلفی پوائنٹ پر الیکشن آفس نے ایک بورڈ لگایا ہے جس میں لوگوں کو ووٹ کی اہمیت کے بارے میں سمجھایا گیا ہے۔ رائے دہندگان کو کھلی چھوٹ ہے کہ وہ اس بورڈ کے آگے کھڑے ہوکر سیلفی لے سکتے ہیں اور ساتھ ہی اس سیلفی کو سوشل میڈیا کے ذریعہ اپنے پہچان کے لوگوں، دوستوں اور رشتہ داروں میں وائرل کریں تاکہ وہ بھی رائے دہی کی اہمیت کو سمجھیں۔
سیلفی بتائے گی ووٹ کی اہمیت
اترپردیش میں روز بروز بڑھتے درجہ حرات سے ووٹنگ فیصد کے متاثر ہونے کے شبہات کے پیش نظر گونڈہ کی ضلع انتظامیہ نے ایک منفرد طریقہ اپنا یا ہے۔
رائے دہی بیداری سیلفی پوائنٹ کا افتتاح کرتے ہوئے کمشنر مہندر کمار اور دیوی پاٹن ڈویژن کے اڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس ڈاکٹر راکیش سنگھ نے چھ مئی کو سب سے زیادہ تعداد میں رائے دہی کی اپیل کی۔ انہوں نے پوائنٹ بورڈ پر پہلا دستخط کیا۔ ڈسٹرکٹ الیکشن افسر نتن بنسل نے کہا کہ سیلفی پوائنٹ کا اہم مقصد نوجوان ووٹروں کے ذریعہ سیلفی لینے کے بعد سوشل میڈیا کے ذریعہ سے اسے وائرل کر کے زیادہ لوگوں کو راہے دہی کے لئے بیدار کرنا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ اس کے علاوہ ضلع کے مختلف علاقوں میں ووٹنگ بیداری ریلیاں، مقابلے اور نکڑ ناٹک کرا کے لوگوں کو رائے دہی کے تئیں بیداری مہم چلائی جارہی ہے۔ کچھ علاقوں میں ووٹنگ کے بائیکاٹ کی ملی اطلاع پر انتظامیہ کی ٹیمیں ان گاؤں کے رائے دہندگان کو ووٹنگ کے لئے منا رہی ہیں۔