نئی دہلی: وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے بدھ کے روز کہا کہ ای کورٹ پروجیکٹ کا تیسرا مرحلہ 7000 کروڑ روپے کی لاگت سے شروع کیا جائے گا۔ وزیر خزانہ نے لوک سبھا میں اپنی بجٹ تقریر میں یہ اعلان کیا۔ مرکزی وزارت قانون کے محکمہ انصاف کی ویب سائٹ پر دستیاب معلومات کے مطابق ای کورٹس پروجیکٹ کے تیسرے مرحلے میں ایک ایسے نظام انصاف کا تصور کیا گیا ہے، جو انصاف کی تلاش کرنے والے یا اس میں شامل ہر فرد کے لیے زیادہ قابل رسائی، موثر اور مساوی نظام انصاف ہو گا۔
سیتارامن نے کہاکہ "ای کورٹس پروجیکٹ کا تیسرا مرحلہ انصاف کے موثر انتظام کے لیے 7,000 کروڑ روپے کی لاگت سے شروع کیا جائے گا۔" وزیر قانون کرن رجیجو نے ماضی میں اشارہ دیا تھا کہ پروجیکٹ کا تیسرا مرحلہ جلد ہی شروع ہوگا۔ بھارتی عدلیہ میں زیر التوا مقدمات کی تعداد کو مدنظر رکھتے ہوئے اس نظام کا تصور کیا گیا تھا۔ ای کورٹ کے ذریعے عدالت میں پیش ہوئے بغیر ٹیکنالوجی کا استعمال کرتے ہوئے کیس آن لائن طے کیا جاتا ہے۔ اس نظام کے پیچھے یہ خیال بھی تھا کہ لوگوں کو عدالت کے چکر لگانے سے آزادی ملے گی۔ اس کے ساتھ وہ کم رقم خرچ کر کے انصاف حاصل کر سکے گا۔