نئی دہلی:سپریم کورٹ نے ہنڈن برگ ریسرچ رپورٹ کی بنیاد پر اڈانی کی فرموں کی جانچ کے مطالبے پر جمعہ کے روز سماعت کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔ درخواست گزار نے صنعت کار گوتم اڈانی کی قیادت میں کاروباری گروپ کے بارے میں سپریم کورٹ کے ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں ایک کمیٹی کے ذریعے انکوائری کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔ درخواست دائر کرنے والے وکیل وشال تیواری نے جمعرات کے روز چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی سربراہی والی بنچ کے سامنے معاملے کی فوری سماعت کی درخواست کی ہے۔
تیواری نے بنچ کو بتایا کہ جسٹس پی ایس نرسمہا اور جے بی پاردی والا کی بینچ اس مسئلہ پر دائر ایک علیٰحدہ عرضی پر 10 فروری کو سماعت کرنے والی ہے۔ انہوں نے بنچ پر زور دیا کہ وہ جمعہ کے روز علیحدہ درخواست کے ساتھ ان کی درخواست پر بھی سماعت کی جائے۔ اپنی مفاد عامہ کی عرضی (PIL) میں تیواری نے بڑے کارپوریٹس کو دیے گئے 500 کروڑ روپے سے زیادہ کے قرضوں کی منظوری کی پالیسی کی نگرانی کے لیے ایک خصوصی کمیٹی قائم کرنے کی ہدایت بھی دینے کی درخواست کی ہے۔