نئی دہلی: سپریم کورٹ نے اڈانی گروپ پر ہنڈنبرگ رپورٹ کی میڈیا کوریج پر پابندی لگانے سے انکار کر دیا ہے۔ پابندی لگانے والی درخواست ایڈوکیٹ ایم ایل شرما نے دائر کی تھی۔ دائر درخواست مسترد کرتے ہوئے عدالت نے کہا کہ ہم میڈیا پر پابندی نہیں لگا سکتے۔ چیف جسٹس کی بنچ نے جمعہ کے روز ایڈوکیٹ ایم ایل شرما کی طرف سے دائر درخواست کی سماعت کرتے ہوئے یہ بات کہی۔
چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ نے کہاکہ 'ہم میڈیا کے خلاف کوئی حکم جاری نہیں کرنے والے ہیں۔ جو کرنا ہے ہم کریں گے۔ ہم اپنا حکم جاری کریں گے۔ دراصل ایم ایل شرما نے اپنی درخواست میں مطالبہ کیا تھا کہ جب تک سپریم کورٹ کی طرف سے ہنڈن برگ رپورٹ کے خلاف تحقیقات کے لیے کمیٹی تشکیل نہیں دی جاتی، میڈیا رپورٹنگ پر پابندی لگا دی جائے۔ شرما نے کہا تھا کہ اس معاملے میں ایک کمیٹی تشکیل دی جانی ہے، جو اس بات کی جانچ کرے گی کہ ہنڈنبرگ رپورٹ کسی سازش کا نتیجہ ہے یا نہیں۔