نئی دہلی:سود کے مارجن میں کمی کے درمیان ملک کے سب سے بڑے پبلک سیکٹر بینک اسٹیٹ بینک آف انڈیا (ایس بی آئی) نے رواں مالی برس 2022-23 کی پہلی سہ ماہی میں 6,068 کروڑ روپے کا خالص منافع کمایا ہے۔ اس سہ ماہی میں خالص منافع 6.70 فیصد کم ہے اور رواں برس جنوری تا مارچ سہ ماہی کے مقابلے خالص منافع میں 33.42 فیصد کی کمی ہے۔ ایس بی آئی نے مالی برس 2021-22 کی پہلی سہ ماہی میں 6,504 کروڑ روپے اور چوتھی سہ ماہی (جنوری-مارچ 2022) میں 9,114 کروڑ روپے کا خالص منافع کمایا تھا۔ SBI Net Profit Decline
ہفتہ کو جاری کردہ بینک کے سہ ماہی مالیاتی نتائج کے مطابق بینک کی سود کی آمدنی سالانہ بنیادوں پر 10.85 فیصد بڑھ کر رواں مالی برس کی پہلی سہ ماہی میں 72,676 کروڑ روپے ہوگئی۔ اسی مدت کے دوران اس کا سود خرچ 9.37 فیصد بڑھ کر 41,480 کروڑ روپے ہوگیا۔ اس طرح ایس بی آئی کی خالص سود کی آمدنی (این آئی آئی) زیر نظر سہ ماہی میں سال بہ سال 12.87 فیصد بڑھ کر 31,196 کروڑ روپے ہوگئی۔ گذشتہ برس کی اسی سہ ماہی میں بینک کی سودی آمدنی 65,564 کروڑ روپے، سود کا خرچ 37,926 کروڑ روپے اور خالص سود کی آمدنی 27,638 کروڑ روپے تھی۔