چنئی: آر بی آئی کی مانیٹری پالیسی کمیٹی کی میٹنگ آج سے شروع ہو گئی ہے۔ تین دن تک جاری رہنے والی میٹنگ کے بعد 8 فروری کو ریپو ریٹ کا اعلان ہوگا۔ کیا آر بی آئی کے گورنر شکتی کانت داس پالیسی شرحوں میں اضافہ کریں گے یا اس پر روک لگائیں گے؟ اگر آپ اعداد و شمار پر نظر ڈالیں تو دسمبر 2022 میں خوردہ افراط زر 5.72 فیصد کی ایک برس کی کم ترین سطح پر تھا، جس کی بنیادی وجہ خوراک کی قیمتوں، خاص طور پر پھلوں اور سبزیوں میں کمی تھی۔ یہ مسلسل دوسرا مہینہ تھا جب افراط زر کی شرح آر بی آئی کی قابل برداشت 6 فیصد کے اندر رہی۔ تاہم اقتصادی ماہرین پریشان ہیں کیونکہ بنیادی افراط زر اب بھی بلند سطح پر ہے۔
وزارت شماریات اور پروگرام کے نفاذ کی جانب سے جمعرات کے روز جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق نومبر 2022 میں کنزیومر پرائس انڈیکس (سی پی آئی) کی بنیاد پر مہنگائی 5.88 فیصد تھی۔ اکتوبر 2022 میں، یہ 6.77 فیصد کے اوپری بینڈ میں تھا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دسمبر 2022 میں خوراک کی افراط زر 4.19 فیصد تھی جو نومبر 2022 میں 4.67 فیصد کی سطح سے کم ہے۔ پھلوں اور سبزیوں کے علاوہ تیل اور گوشت اور مچھلی کی قیمتوں میں بھی نومبر 2022 کے مقابلے دسمبر 2022 میں کمی ہوئی۔