نئی دہلی: بھارتی ریلوے جلد ہی معمر شہریوں کے کرایوں میں دی جانے والی رعایت کو بحال کر سکتا ہے۔ در اصل کووڈ وبا کے دوران خراب مالی حالت کو دیکھتے ہوئے ریلوے نے تین زمروں کے علاوہ سبھی کے لیے کرایہ کی رعایت روک دی تھی، بشمول معمر شہری۔ وبائی مرض سے پہلے 60 برس سے زیادہ عمر کے شہریوں کو 50 فیصد چھوٹ ملتی تھی۔ اب کووڈ 19 کا خطرہ کم ہونے اور ملک میں دیگر تمام سرگرمیاں مکمل طور پر معمول پر آنے کے بعد بھی بزرگ شہریوں کی یہ راحت بحال نہیں ہو سکی ہے۔
دریں اثنا مرکزی وزیر ریلوے اشونی وشنو نے راجیہ سبھا میں ایک تحریری سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ ریلوے جلد ہی معمر شہریوں کو دی جانے والی رعایت بحال کر سکتا ہے۔ مرکزی وزیر ریلوے اشونی وشنو نے راجیہ سبھا کو بتایا کہ بھارتی ریلوے نے 2019-20 میں مسافروں کے ٹکٹوں پر 59837 کروڑ روپے کی سبسڈی دی ہے، جو سفر کرنے والے ہر فرد کے لیے تقریباً 53 فیصد کی اوسط رعایت ہے۔