اردو

urdu

ETV Bharat / business

Crude Oil Price پیداوار میں کمی کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ - OPEC plus producers announce surprise cuts

اوپیک اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے پیداوار میں کمی کے فیصلے کا اثر پیر کو تیل کی قیمتوں پر دیکھا گیا۔ ابتدائی تجارت میں برینٹ کروڈ کی قیمت 8 فیصد اضافے کے ساتھ 86 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا۔ Crude Oil Price Surge

crude oil price surge
پیداوار میں کمی کے بعد خام تیل کی قیمتوں میں اضافہ

By

Published : Apr 3, 2023, 8:31 PM IST

نئی دہلی: ملک میں پٹرول-ڈیزل کی قیمتوں میں جلد اضافہ متوقع ہے۔ سعودی عرب سمیت تیل کے ذخائر سے مالا مال ممالک نے چونکا دینے والا اعلان کیا ہے۔ ان ممالک نے یومیہ دس لاکھ بیرل سے زیادہ کی پیداوار میں کمی کا اعلان کیا ہے۔ اس کی وجہ سے پیر کے روز ابتدائی تجارت میں خام تیل کی قیمت ایک جھٹکے میں چھ فیصد بڑھ گئی۔ ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ کنٹریکٹ (WTI) 5.74 فیصد اضافے کے ساتھ 80.01 ڈالر فی بیرل، جب کہ برینٹ 5.67 فیصد اضافے کے ساتھ 84.42 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔ جن ممالک نے خام تیل کی پیداوار میں کمی کی ہے ان میں سعودی عرب، عراق، متحدہ عرب امارات، کویت، الجیریا اور عمان شامل ہیں۔ یہ کمی اگلے ماہ سے شروع ہوگی اور رواں برس کے آخر تک جاری رہے گی۔ اکتوبر کے بعد تیل کی پیداوار میں یہ سب سے بڑی کمی ہے۔ تب اوپیک پلس (OPEC+) ممالک نے یومیہ 2 ملین بیرل کی کٹوتی کا اعلان کیا تھا۔ روس نے بھی 500,000 بیرل یومیہ پیداوار میں کمی کا اعلان کیا ہے۔

امریکہ نے ان ممالک سے پیداوار بڑھانے کو کہا تھا، لیکن انہوں نے اس کے برعکس فیصلہ کیا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ خام تیل کی پیداوار میں کمی سے مہنگائی بڑھ سکتی ہے۔ اس سے مرکزی بینکوں پر سود بڑھانے کا دباؤ بھی بڑھ سکتا ہے۔ بھارت میں تیل کی مارکیٹنگ کمپنیوں نے آخری بار گزشتہ برس اپریل میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں تبدیلی کی تھی۔ مئی میں مرکز نے پٹرول اور ڈیزل پر ایکسائز ڈیوٹی میں کمی کی تھی۔ دہلی میں پٹرول کی موجودہ قیمت 96.72 روپے اور ڈیزل 89.62 روپے فی لیٹر ہے۔ ممبئی میں پٹرول 106.31 روپے اور ڈیزل 94.27 روپے، چنئی میں پٹرول 102.63 روپے اور ڈیزل 94.24 روپے اور کولکاتا میں پٹرول 106.03 روپے اور ڈیزل 92.76 روپے پر دستیاب ہے۔

گزشتہ برس یوکرین پر روس کے حملے کے بعد خام تیل کی قیمت 139 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جو کہ سنہ 2008 کے بعد کی بلند ترین سطح ہے۔ گزشتہ ماہ خام تیل کی قیمت 70 ڈالر فی بیرل تک گر گئی تھی جو کہ 15 ماہ کی کم ترین سطح ہے۔ ماہرین کا خیال ہے کہ پیداوار میں کمی کے اعلان سے خام تیل کی قیمت 10 ڈالر فی بیرل تک بڑھ سکتی ہے۔ امریکہ کا موقف تھا کہ معیشت کو سہارا دینے کے لیے دنیا میں خام تیل کی قیمت کم کرنے کی ضرورت ہے۔ اس سے روس کی آمدنی پر بھی اثر پڑے گا اور اسے یوکرین جنگ کے لیے فنڈز نہیں ملیں گے، لیکن اوپیک پلس ممالک نے امریکی درخواست کو نظر انداز کر دیا۔

مزید پڑھیں:

ABOUT THE AUTHOR

...view details