ہندوستان ایروناٹکس لمیٹڈ (ایچ اے ایل) کے پہلے میڈ ان انڈیا (دیسی) طیارے ڈورنیئر ڈو-228 نے منگل کے روز آسام کے ڈبرو گڑھ اور اروناچل پردیش کے پاسیگھاٹ کے درمیان اپنی پہلی تجارتی پرواز بھری۔ سرکاری ذرایع کے مطابق مرکزی شہری ہوا بازی کے وزیر جیوترادتیہ سندھیا، وزیر قانون و انصاف کرن رجیجو اور دیگر معززین طیارے میں سوار تھے۔
ریجنل ایگزیکٹیو ڈائریکٹر، نارتھ ایسٹرن ریجن، ایئرپورٹس اتھارٹی آف انڈیا نے ایک ٹویٹ میں کہا، "یہ تاریخی طیارہ اروناچل پردیش پہنچ گیا ہے۔" سرکاری ملکیت والی الائنس ایئر ملک کی پہلی کمرشل ایئرلائن بن گئی ہے جس نے شہری آپریشنز کے لیے دیسی ساختہ طیارے استعمال کیے ہیں۔ اب تک ڈورنیئر-228 طیارے صرف مسلح افواج کے زیر استعمال تھے۔ First Made-in-India Dornier Plane takes Off
انہوں نے کہا، ’’بھارت میں تیار کردہ کمرشیل ڈورنیئر طیارہ پہلی بار ملک میں چلایا جارہا ہے۔ وزراء اور عہدیداروں کے ساتھ یہ آج پاسیگھاٹ پہنچا، جس نے شمال مشرقی بھارت میں ایک نئے دور کا آغاز کیا۔‘‘ اس تاریخی موقع پر رجیجو نے ٹویٹ کیا، ’’وزیراعظم نریندر مودی کے وژن 'اڑان ' کے تحت پہلی بار فکسڈ ونگ والے طیارے میں اپنی آبائی ریاست اروناچل پردیش جا رہا ہوں۔ اس پہل کے تحت وہ پہلے میڈ ان انڈیا طیارے ڈورنیئر ڈی او -228 کے ذریعے شمال مشرقی بھارت کو دوسرے مقامات سے جوڑ رہے ہیں۔‘‘