نئی دہلی: بھارتی اسٹارٹ اپس میں چھنٹی کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ گھریلو اسٹارٹ اپ ایکو سسٹم میں اب تک 24,250 سے زیادہ ملازمین اپنی ملازمتیں کھو چکے ہیں۔ معروف سٹارٹ اپ کوریج پورٹل انک 42 کے تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق اب تک 84 سٹارٹ اپس کے ذریعے 24,256 ملازمین کو فارغ کیا جا چکا ہے۔ ملک میں ملازمین کو برطرف کرنے والے اسٹارٹ اپس کی فہرست بڑھتی جا رہی ہے۔ معروف ڈیجیٹل ہیلتھ کیئر پلیٹ فارم پریکٹو کپمنی نے 41 ملازمین کو فارغ کیا ہے، جن میں زیادہ تر انجینئرز شامل ہے۔ کوئک گروسری ڈیلیوری فراہم کرنے والے ڈنزو نے ایک نئے فنڈنگ راؤنڈ میں 75 ملین ڈالر جمع کرنے کے بعد اپنی افرادی قوت کا کم از کم 30 فیصد یا تقریباً 300 ملازمین کو فارغ کر دیا۔
اطلاعات کے مطابق بنگلورو کی زیسٹ منی اپنے 20 فیصد ملازمین کو فارغ کر رہی ہے، جس سے تقریباً 100 ملازمین متاثر ہوں گے۔ میڈیا نے رپورٹ کیا کہ فینٹسی ای سپورٹس اسٹارٹ اپ FanClash نے اپنے تقریباً 75 فیصد ملازمین کو فارغ کر دیا ہے۔ ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے انک 42 نے رپورٹ کیا کہ سٹارٹ اپ نے تقریباً 100 ملازمین کو تین راؤنڈ میں برطرف کیا، متاثرہ ملازمین کو دو ماہ کی تنخواہ علیحدگی کے پیکج کے طور پر ملی۔