نئی دہلی: جیو صارفین نے ایک مہینے میں 10 ایگزابائٹس یعنی 10 ارب جی بی ڈیٹا استعمال کیا۔ یہ اعداد و شمار کتنا بڑا ہے اس کا اندازہ اس بات سے لگایا جا سکتا ہے کہ 2016 میں جب ریلائنس جیو نے ٹیلی کام کے شعبے میں قدم رکھا تھا، اس وقت پورے ملک میں دستیاب تمام نیٹ ورکس پر ڈیٹا کی کھپت صرف 4.6 ایگزابائٹس تھی اور وہ بھی ایک ماہ کے لیے نہیں، پورے سال کی۔ ہندوستان میں پہلی بار کسی بھی ٹیلی کام کمپنی کے نیٹ ورک پر ایک ماہ میں 10 ایگزابائٹ ڈیٹا استعمال کیا گیا ہے۔ جیو نیٹ ورک پر ڈیٹا کی کھپت کا اعداد و شمار مارچ کی سہ ماہی میں 30.3 ایگزابائٹس تھا۔ ریلائنس جیو نے اپنے سہ ماہی نتائج میں اس کا انکشاف کیا ہے۔
جیو ٹرو فائیو جی رول آؤٹ نے ڈیٹا کی کھپت کو بڑھانے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ جیو صارفین اب ہر ماہ اوسطاً 23.1 جی بی ڈیٹا خرچ کر رہے ہیں۔ جو دو سال پہلے تک صرف 13.3 جی بی ماہانہ تھا۔ یعنی، ہر جیو صارف 2 سال پہلے کے مقابلے میں ہر ماہ تقریباً 10 جی بی زیادہ ڈیٹا استعمال کر رہا ہے۔جیو نیٹ ورک پر ڈیٹا کی کھپت کی یہ اوسط ٹیلی کام انڈسٹری کی اوسط سے کہیں زیادہ ہے۔سہ ماہی نتائج کے مطابق مارچ 2023 تک، جیو نے 60 ہزار سائٹس پر 3.5 لاکھ سے زیادہ 5جی سیل انسٹال کر لیے تھے۔ پورے ملک میں 2,300 سے زیادہ شہر اور قصبے 5جی کوریج کے تحت آ چکے ہیں اور جیو صارفین کی ایک بڑی تعداد 5جی خدمات استعمال کر رہی ہے۔ کمپنی کا دعویٰ ہے کہ جیو بہت تیزی سے 5جی متعارف کروا رہا ہے۔ پوری دنیا میں 5جی رول آؤٹ کی ایسی کوئی مثال نہیں ہے۔ کمپنی 2023 کے آخر تک پورے ملک میں 5جی کوریج فراہم کرانا چاہتی ہے۔