اسلام آباد:پاکستان میں جون میں مہنگائی بڑھ کر 21.32 فیصد ہوگئی جو گزشتہ 13 سالوں میں سب سے زیادہ ہے۔ یہ انکشاف پاکستان شماریات بیورو (پی بی ایس) کی جانب سے جمعے کو شیئر کیے گئے ڈیٹا سے ہوا ہے۔ روزنامہ 'ڈان' کے مطابق گزشتہ ماہ مہنگائی کی شرح 13.76 فیصد ریکارڈ کی گئی۔ جون میں مہنگائی بڑھ کر 6.34 فیصد ماہانہ (ایم او ایم ) اور 21.32 فیصد سالانہ (وائی او وائی) تک پہنچ گئی، جو دسمبر 2008 کے بعد سب سے زیادہ ہے۔ دسمبر 2008 میں افراط زر کی شرح 23.3 فیصد تھی۔ Inflation in Pakistan has Reached Record Levels
پی بی ایس کے مطابق شہری علاقوں میں مہنگائی میں 19.84 فیصد اور دیہی علاقوں میں 23.55 فیصد اضافہ ہوا۔ بہت سے شعبوں میں دوہرے ہندسے کی افراط زر دیکھی گئی، لیکن یہ رجحان بنیادی طور پر نقل و حمل کی وجہ سے ہوا، جس میں 62.17 فیصد اور خراب ہونے والی اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں 36.34 فیصد اضافہ ہوا۔ تعلیم اور مواصلات ہی دو شعبے تھے جہاں مہنگائی بالترتیب 9.46 فیصد اور 1.96 فیصد پر سنگل ہندسوں میں تھی۔