نئی دہلی: فروری 2023 میں بھارت کی صنعتی پیداوار میں 5.6 فیصد کی شرح سے اضافہ ہوا ہے۔ اس سے پہلے جنوری کے مہینے میں یہ تعداد 5.5 فیصد تھی۔ اس کا مطلب ہے کہ جنوری کے مقابلے فروری میں صنعتی پیداوار میں معمولی اضافہ ہوا ہے۔ فروری کے مہینے میں پاور، کان کنی اور مینوفیکچرنگ سیکٹر کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔ یہ مسلسل دوسرا مہینہ ہے جب صنعتی پیداوار کی شرح نمو 5 فیصد سے زیادہ رہی ہے۔ دسمبر کے مہینے میں یہ تعداد 4.3 فیصد تھی۔ 2022-23 کے پہلے 11 مہینوں میں آئی آئی پی کی شرح نمو 5.5 فیصد رہی، جو 2021-22 کی اسی مدت میں 12.5 فیصد تھی۔ یہ معلومات بدھ کے روز جاری کردہ سرکاری اعداد و شمار سے حاصل ہوئی ہے۔
قومی شماریاتی دفتر (این ایس او) کے اعداد و شمار کے مطابق، مینوفیکچرنگ سیکٹر کی پیداوار میں رواں برس فروری میں 5.3 فیصد اضافہ ہوا، جو ایک برس قبل 0.2 فیصد تھا۔ اس کے علاوہ کان کنی کی پیداوار میں 4.6 فیصد اور بجلی کی پیداوار میں 8.2 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ IIP کے مطابق صنعتی ترقی کو جنوری میں 5.2 فیصد سے بڑھا کر 5.5 فیصد کر دیا گیا ہے۔