ممبئی: بھارت کے زرمبادلہ کے ذخائر میں ایک بار پھر تیزی ریکارڈ کی گئی ہے۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 7 اپریل کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران بھارت کے زرمبادلہ کے ذخائر میں 6.3 بلین ڈالر کا اضافہ ہوا۔ اس طرح زرمبادلہ کے ذخائر اب گزشتہ نو ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔
ماضی قریب کے دوران زرمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل کمی دیکھنے میں آئی تھی۔ تاہم گزشتہ چند ہفتوں میں اتار چڑھاؤ کا سلسلہ جاری رہا۔ غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل دو ہفتوں تک کمی پر گزشتہ ہفتے بریک لگا۔ اس کے بعد 7 اپریل کو ختم ہونے والے ہفتے کے دوران زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے۔ اس طرح مسلسل دو ہفتوں تک کمی کے بعد اب بھارت کے زرمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل دوسرے ہفتے اضافہ ہوا ہے۔
ریزرو بینک (RBI ڈیٹا) کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق 7 اپریل کو ختم ہونے والے ہفتے میں زرمبادلہ کے ذخائر بڑھ کر 584.755 بلین ڈالر ہو گئے۔ اس سے قبل 31 مارچ کو ختم ہونے والے ہفتے کے بعد یہ ریزرو بڑھ کر 578.45 بلین ڈالر ہو گیا تھا۔ اس دوران زرمبادلہ کے ذخائر میں 329 ملین ڈالر کا اضافہ ہوا۔