نئی دہلی/ممبئی:مضبوط عالمی اشارے کے درمیان، بدھ کو قومی دارالحکومت کے صرافہ بازار میں سونا 300 روپے کے اضافے کے ساتھ 60100 روپے فی 10 گرام پر بند ہوا۔ ڈی ایف سی سیکورٹیز نے اس بات کی جانکاری دی۔ گذشتہ کاروباری سیشن میں سونا 59800 روپے فی 10 گرام پر بند ہوا تھا۔ چاندی کی قیمت بھی 400 روپے اضافے سے 77500 روپے فی کلو ہوگئی۔ عالمی مارکیٹ میں سونا 1936 ڈالر فی اونس ہوگیا۔ چاندی کی قیمت بھی بڑھ کر 24.60 ڈالر فی اونس ہوگئی۔
ایچ ڈی ایف سی سیکیورٹیز کے سینئر تجزیہ کار (کموڈٹیز) سومل گاندھی نے کہا کہ "بدھ کو سونے کی قیمتوں میں تیزی آئی۔ بیرونی بازاروں سے مثبت اشارے ملنے کے بعد دہلی کے بازاروں میں سونے کی قیمتیں 300 روپے بڑھ کر 60،100 روپے فی 10 گرام پر پہنچ گئیں۔" نونیت دامانی، سینئر نائب صدر، کموڈٹی ریسرچ، موتی لال اوسوال فنانشل سروسز، نے کہا کہ کمزور اقتصادی اعداد و شمار کے درمیان گرتے ہوئے ڈالر اور بانڈ میں گراوٹ کی وجہ سے سونا تین ہفتے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔
روپیہ 17 پیسے کی مضبوطی سے 82.63 فی ڈالر پر
بدھ کو امریکی ڈالر کے مقابلے روپیہ 17 پیسے کی مضبوطی سے 82.63 پر بند ہوا۔ عالمی منڈیوں میں امریکی ڈالر میں کمزوری کے رجحان کے درمیان روپیہ مضبوط ہوا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق کیپٹل مارکیٹ میں غیر ملکی ادارہ جاتی سرمایہ کاروں (FIIs) کی خریداری اور ایکویٹی مارکیٹ میں مستحکم رجحان نے مقامی کرنسی کو سہارا دیا۔ تاہم، خام تیل کی قیمتوں میں اضافے نے روپے کے فائدہ کو محدود کردیا۔