نئی دہلی: صارفین کے امور کی وزارت نے ایک بیان میں کہا ہے کہ 31 مارچ 2023 کے بعد ہال مارک منفرد شناخت (HUID) کے بغیر سونے کے زیورات فروخت نہیں کیے جائیں گے۔ وزارت نے کہا کہ یہ اہم فیصلہ 4 ہندسوں اور 6 ہندسوں کی ہال مارکنگ کے حوالے سے صارفین میں پائی جانے والی الجھن کو دور کرنے کے لیے کیا گیا ہے۔ نئے اصول کے تحت یکم اپریل سے صرف چھ ہندسوں کے ساتھ حروف تہجی کی ہال مارکنگ درست ہوگی۔ اس کے بغیر سونے اور سونے کے زیورات فروخت نہیں ہوں گے۔ اس کے علاوہ چار ہندسوں پر مشتمل ہال مارکنگ کو مکمل طور پر روک بند کیا جائے گا۔
سونے کی ہال مارکنگ قیمتی دھات کی درستگی کا سرٹیفکیٹ ہے۔ یہ رضاکارانہ طور پر 16 جون 2021 تک نافذ تھا۔ اس کے بعد حکومت نے سونے کی ہال مارکنگ کو لازمی کرنے کا فیصلہ کیا۔ پہلے مرحلے میں اسے ملک کے 256 اضلاع میں نافذ کیا گیا۔ دوسرے مرحلے میں مزید 32 اضلاع کو شامل کیا گیا۔ اب اس میں ملک کے مزید 51 اضلاع شامل کیے جا رہے ہیں۔
خوراک اور صارفین کے امور کے وزیر پیوش گوئل نے جمعہ کے روز بیورو آف انڈین اسٹینڈرز (BIS) کی سرگرمیوں کا جائزہ اجلاس منعقد کیا۔ اس میں انہوں نے بی آئی ایس کو ہدایت کی کہ وہ ملک میں جانچ کے لیے انفراسٹرکچر کو بڑھائے۔ اس کے علاوہ بی آئی ایس سے کہا گیا کہ وہ مصنوعات کی جانچ اور مارکیٹ کی نگرانی کی فریکوئنسی میں اضافہ کرے۔