برلن: جرمنی نے عالمی معیشت میں جاپان کو چوتھے نمبر پر دھکیل کر تیسری پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق جرمنی کی معیشت میں گزشتہ سال بظاہر 6 فیصد سے زیادہ نمُو ہوئی، جس کے نتیجے میں وہ ممکنہ طور پر جاپان کو پیچھے چھوڑ کر دنیا کی تیسری بڑی معیشت بن گیا ہے۔
جرمنی کی حکومت نے گزشتہ پیر کو اعلان کیا ہے کہ سال 2022 کے مقابلے میں 2023 میں اِس کی جی ڈی پی یعنی مجموعی ملکی پیداوار 6.3 فیصد بڑھ کر 41 کھرب یورو سے زیادہ یا لگ بھگ 45 کھرب ڈالر تک پہنچ گئی۔
دوسری جانب جاپان کی گزشتہ سال ستمبر تک ظاہری جی ڈی پی لگ بھگ 30 کھرب ڈالر تھی اور ڈالر کے لحاظ سے جاپان کو معاشی طور پر جرمنی سے اوپر رہنے کے لیے 2023 کی آخری سہ ماہی میں مجموعی ملکی پیداوار تقریبا ایک ہزار 900 کھرب ین ہونی چاہیے تھی۔ تاہم 2022 کی آخری سہ ماہی میں جاپان کی ظاہری جی ڈی پی لگ بھگ 1470 کھرب ین تھی، اس لیے یہ امکان کم ہی ظاہر کیا جارہا ہے کہ 2023 کی آخری سہ ماہی میں جاپان کی جی ڈی پی جرمنی سے زیادہ رہے گی۔
اس سے قبل چین کی معیشت نے 2010 میں جاپان کو پیچھے چھوڑ دیا تھا، تب سے جاپانی معیشت عالمی سطح پر تیسرے نمبر پر رہی ہے۔ واضح رہے کہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ نے 1980 میں اقتصادی موازنے کے اعداد و شمار شائع کرنے کا آغاز کیا تھا۔ اُس وقت پہلی مرتبہ بتایا گیا تھا کہ ڈالر کے لحاظ سے جاپان کی ظاہری جی ڈی پی امریکہ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے۔ (یو این آئی)