نئی دہلی: تائیوان کی کمپنی فاکس کان بھارت کی جنوبی ریاست کرناٹک میں 600 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گی۔ ہندوستانی کرنسی کے مطابق یہ رقم 4,900 کروڑ روپے ہوگی۔ ریاستی حکومت نے بدھ کو یہ جانکاری دی۔ اس کے ساتھ ہی حکومت اس سرمایہ کاری سے ریاست میں بہتر روزگار کی توقع کر رہی ہے۔ فاکس کان دو منصوبوں کے تحت 600 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔ جن میں سے ایک چپ مینوفیکچرنگ اور دوسرا پراجیکٹ آئی فون مینوفیکچرنگ میں استعمال ہونے والے کیسنگ پلانٹ کے قیام پر کیا جائے گا۔
حکومت نے کہا کہ فاکس کان تقریباً 350 ملین ڈالر خرچ کرے گا تاکہ آئی فون کے اجزاء کا یونٹ قائم کیا جا سکے۔ اس پلانٹ سے تقریباً 12 ہزار لوگوں کو روزگار ملنے کی امید ہے۔ اس کے علاوہ، کمپنی چپ سازی کا سامان بنانے کے لیے 250 ملین ڈالر کے پروجیکٹ میں اپلائیڈ میٹریلز کے ساتھ معاہدہ کرے گی۔
فاکس کان کے چیئرمین ینگ لیو مرکزی حکومت کے زیر اہتمام ایک بڑی سیمی کنڈکٹر کانفرنس میں شرکت کے لیے ہندوستان میں ہیں۔ اس سلسلے میں انہوں نے کرناٹک کے آئی ٹی وزیر پرینک کھرگے اور وزیر صنعت ایم بی پاٹل سے ملاقات کی۔ جس کے بعد سرمایہ کاری کا فیصلہ سامنے آیا ہے۔