نئی دہلی:سپلائی میں کمی اور مضبوط مانگ کی وجہ سے گندم کی قیمتوں میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے، اب فی کوئنٹل گندم 2500 روپے کی ریکارڈ سطح پر فروخت ہورہی ہے۔ دہلی کے تاجروں کے مطابق رواں برس گرمی کی وجہ سے گندم کی پیداوار میں کمی آئی ہے جس سے زرعی پیداوار کی گھریلو سپلائی متاثر ہوئی ہے۔ دہلی لارنس روڈ منڈی کے جئے پرکاش جندل نے کہا کہ گذشتہ کچھ دنوں سے گندم کی قیمتوں میں روزانہ اضافہ ہورہا ہے۔ انہوں نے کہا، "آج بھی قیمت میں 30 روپے کا اضافہ ہوا ہے اور اب یہاں یہ 2,550 روپے فی کوئنٹل ہے۔ ہریانہ میں یہ 2,400 روپے فی کوئنٹل ہے، جب کہ راجستھان میں یہ 2,370 روپے فی کوئنٹل ہے۔" Delhi witnesses wheat price hike, Rates touch Rs 2,500 per quintal in mandis
14 مئی 2022 کو گندم کی برآمد پر پابندی کے بعد سے منڈی میں قیمتیں 2,150 روپے سے 2,175 روپے فی کوئنٹل کے آس پاس تھیں۔ جندال نے کہا کہ رواں برس پیداوار کم رہی ہے اور حکومت نے صحیح وقت پر برآمدات نہیں روکیں۔ انہوں نے کہاکہ "جس وقت حکومت نے گندم کی برآمد پر پابندی عائد کی، اس وقت بہت زیادہ گندم برآمد کی جا چکی تھی۔ یہ کام پہلے ہو جانا چاہیے تھا۔" انہوں نے کہا کہ اکتوبر اور نومبر کے مہینوں میں تہوار کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لیے گندم کی درآمد کی ضرورت ہوگی۔