بیجنگ: چین کی معیشت نے سال کے پہلے تین مہینوں میں توقع سے زیادہ ترقی کی ہے۔ بی بی سی نے منگل کو سرکاری اعداد و شمار کا حوالہ دیتے ہوئے رپورٹ کیا کہ مجموعی گھریلو پیداوار (جی ڈی پی) میں گزشتہ برس کی اسی مدت کے مقابلے میں 4.5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ اقتصادی سرگرمی کا کلیدی پیمانہ گھریلو اخراجات میں اضافے اور کارخانے کی بڑھتی ہوئی سرگرمیوں سے ہوتا ہے۔
بیجنگ نے دسمبر میں کورونا وائرس کی پابندیوں کو ہٹا کر دنیا کی دوسری سب سے بڑی معیشت کو دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ کورونا پابندی ہٹانے کے بعد اس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں۔ منگل کے روز جاری کردہ اعداد شمار سے ظاہر ہوتا ہے کہ خوردہ فروخت، جو گھریلو استعمال کا اہم اشارہ ہے ایک برس کے مقابلے میں 10.6 فیصد اضافہ درج کیا گیا ہے۔ اسی مدت میں ملک کے کارخانوں سے پیداوار میں 3.9 فیصد اضافہ ہوا، حالانکہ یہ توقع سے کم ہے۔