نئی دہلی:بھارت کا مالیاتی خسارہ رواں مالی برس کے پہلے سات مہینوں یعنی اپریل سے اکتوبر 2022 کے دوران 7.54 لاکھ کروڑ روپے رہا، جو بجٹ میں تخمینہ لگائے گئے سالانہ تخمینہ کا 45.6 فیصد ہے۔ بدھ کے روز جاری کردہ وزارت خزانہ کے اعداد و شمار کے مطابق سال 2021-22 کی اسی مدت کے لیے مالیاتی خسارہ 5.47 لاکھ کروڑ روپے کے ساتھ سالانہ بجٹ تخمینہ کے 36.3 فیصد کے برابر تھا۔ رواں مالی برس میں اپریل تا اکتوبر کی مدت میں سرکاری وصولیاں 13.86 لاکھ کروڑ روپے اور اخراجات 21.4 لاکھ کروڑ روپے رہے۔ وصولیوں کا یہ اعداد و شمار سالانہ تخمینہ کا 60.7 فیصد اور اخراجات کا 54.3 فیصد ہے۔ Centre's fiscal deficit touches 45.6%
اپریل-اکتوبر 2022 میں ریونیو کی وصولی 13.50 لاکھ کروڑ روپے رہی، جس میں ٹیکس ریونیو 11.71 لاکھ روپے اور نان ٹیکس ریونیو 1.79 لاکھ کروڑ روپے تھا۔ اس مدت کے دوران محصولاتی خسارہ 3.85 لاکھ کروڑ روپے تھا، جو پورے برس کے بجٹ تخمینہ کا 38.8 فیصد ہے۔
وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن نے رواں مالی برس میں مالیاتی خسارے کو جی ڈی پی کے 6.4 فیصد تک محدود رکھنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔ گزشتہ مالی برس میں مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کا 6.7 فیصد تھا۔ حکومت نے رواں برس مئی میں پیٹرول اور ڈیزل پر ٹیکس میں کمی کی تھی جس سے محصولات کی وصولی پر اثر پڑنے کی امید ہے۔