نئی دہلی:پارلیمنٹ کا بجٹ اجلاس آج سے شروع ہو رہا ہے، آج صدر دروپدی مرمو دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے اپنا پہلا خطاب کریں گی۔ دونوں ایوانوں میں اقتصادی سروے بھی آج پیش کیا جائے گا۔ وزیر اعظم مودی صبح 10.30 بجے پارلیمنٹ گیٹ پر میڈیا سے بات کریں گے۔ اس کے بعد صدر دروپدی مرمو صبح 11 بجے اپنی تقریر سے سیشن کا آغاز کریں گی۔ جب کہ بی آر ایس آج صدر کے خطاب کا بائیکاٹ کرے گی۔
اجلاس کے دوران حکومت کی نظر صدر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک اور مالی سال 2023-24 کے عام بجٹ پر ہموار بحث پر رہے گی، جب کہ اپوزیشن جماعتوں نے گورنرز کے کام کاج، ذات پات کی بنیاد پر مردم شماری جیسے سوالات اٹھائے ہیں۔ کچھ ریاستوں میں مہنگائی، بے روزگاری جیسے مسائل پر حکومت کو گھیرنے کے واضح اشارے ملے ہیں۔ حکومت 31 جنوری کو پارلیمنٹ کے اجلاس میں ہی اقتصادی سروے پیش کرے گی۔
وزیر خزانہ نرملا سیتا رمن یکم فروری 2023 کو مالی برس 2023-24 کا مرکزی بجٹ پیش کریں گی۔ بجٹ اجلاس کا پہلا مرحلہ 13 فروری تک چلے گا اور دوسرا مرحلہ 13 مارچ سے شروع ہو کر 6 اپریل تک چلے گا۔ بجٹ اجلاس کے دوران 27 اجلاس ہوں گے۔ پیر کے روز کل جماعتی اجلاس میں حکومت نے واضح کیا کہ وہ پارلیمنٹ میں قواعد کے تحت ہر معاملے پر بحث کے لیے تیار ہے اور ایوان کو آسانی سے چلانے کے لیے ہر کسی کا تعاون چاہتی ہے۔