نئی دہلی: حکومت نے 2.7 بلین ڈالر (270 کروڑ روپے) کی سرمایہ کاری کے ساتھ ملک میں سیمی کنڈکٹر ٹیسٹنگ اور پیکیجنگ یونٹ قائم کرنے کے لیے امریکی چپ کمپنی مائیکرون کے پروجیکٹ کو منظوری دے دی ہے۔ ذرائع نے یہ اطلاع دی۔ اس منصوبے سے 5000 ملازمتیں پیدا ہونے کی امید ہے۔
منصوبے کی تفصیلات کی تصدیق کرتے ہوئے، ایک ذریعہ نے کہا، ’’اس کی منظوری تقریباً ایک ہفتہ قبل دی گئی تھی۔‘‘ مائیکرون کمپیوٹر میموری مصنوعات، فلیش ڈرائیوز وغیرہ میں مہارت رکھتا ہے۔ یہ ہندوستان میں ایک OSAT (آؤٹ سورسڈ سیمی کنڈکٹر اسمبلی اور ٹیسٹ) پلانٹ قائم کرے گا۔ جو اس کی مصنوعات کی جانچ اور پیکج کرے گا تاکہ اسے استعمال کے لیے تیار کیا جا سکے۔ سرکاری ذرائع کے مطابق مائیکرون کا یہ مجوزہ پلانٹ پی ایم مودی کی آبائی ریاست گجرات میں لگایا جائے گا۔ اس معاہدے کے تحت امریکی چپ کمپنی کو 1.34 بلین ڈالر کے پروڈکشن لنکڈ انسینٹیو (PLI) کا فائدہ بھی ملے گا۔