ممبئی: آئی فون اور میک بک بنانے والی معروف امریکی ٹیک کمپنی ایپل نے بھارت میں اپنا پہلا ریٹیل اسٹور کھول دیا ہے۔ بھارت میں ایپل کا پہلا اسٹور ممبئی کے باندرہ کرلا کمپلیکس (بی کے سی) میں کھولا گیا ہے، جو تقریباً 20،000 مربع فٹ پر محیط ہے۔ رپورٹ کے مطابق بھارت میں ایپل کا پہلا ریٹیل اسٹور کمپنی کے اب تک کے سب سے زیادہ پائیدار اسٹورز میں سے ایک ہے جو صارفین کو بہترین خدمات فراہم کرے گا۔ بی کے سی (بندرا کرلا کمپلیکس) مایا نگری ایک بہت مصروف مقام ہے۔ اس ریٹیل اسٹور کے کھلنے کے ساتھ ہی ایپل نے بھارت مارکیٹ میں آف لائن انٹری کی ہے۔
ایپل نے اعلان کیا کہ وہ 20 اپریل کو دہلی میں ممبئی کے بعد ملک میں اپنا دوسرا اسٹور کھولے گا۔ اس اسٹور کا نام Apple Saket ہوگا۔ ایپل کے سٹور کو لے کر لوگوں میں زبردست جوش و خروش کا ماحول ہے۔ دکان کے باہر لوگوں کی لمبی لائن لگی ہوئی ہے۔ اس اسٹور کا نام Apple BKC ہے۔ باندرہ کرلا کمپلیکس یعنی بی کے سی ممبئی کا ایک کاروباری اور رہائشی ضلع ہے۔
BKC ملک میں سب سے مہنگی جائیدادوں کے ساتھ ایک بہت بڑا تجارتی مرکز ہے۔ ایپل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر (سی ای او) ٹم کک خود اسٹور کے افتتاح کے موقع پر موجود تھے۔ اس دوران انہوں نے سٹور کا افتتاح کرنے کے بعد خود صارفین کا استقبال کیا اور صارفین سے بات چیت کی۔ وہ بہت پرجوش نظر آ رہے تھے۔
کمپنی نے ایک بیان میں کہا کہ ایپل بھارت میں 25 سال مکمل ہونے کا جشن منا رہا ہے۔ کمپنی اس ہفتے ملک میں اپنے پہلے ایپل اسٹور کے افتتاح کے ساتھ ایک بڑی توسیع کے لیے کمر بستہ ہے۔ ممبئی کے بعد ایپل کا دوسرا آفیشل اسٹور دہلی میں 20 اپریل کو کھولا جائے گا۔ ایپل نے کہا کہ دونوں اسٹورز کو مقامی ضروریات کے مطابق ڈیزائن کیا گیا ہے۔ 20,000 مربع فٹ پر پھیلے ممبئی اسٹور کو صارفین کے لیے کھولنے سے ایک دن قبل میڈیا کے لیے کھول دیا گیا تھا۔ اطلاعات کے مطابق کک اپنے دورہ بھارت کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی سے بھی ملاقات کریں گے۔