نئی دہلی: ای کامرس و ٹیک کمپنی ایمیزون میں ایک بار پھر چھٹنی کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔ ایمیزون مزید ملازمین کو باہر کا راستہ دکھا سکتا ہے۔ کمپنی نے اپنے ہیلو ڈویژن کو مکمل طور پر بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ کمپنی ہیلتھ اور سلیپ ٹریکرز فروخت کرتی ہے۔ کمپنی نے اس پورے ڈویژن کو بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور ظاہر ہے کہ اس فیصلے کی وجہ سے کمپنی کو کچھ ملازمین کو بھی فارغ کرنا پڑے گا۔ کمپنی نے یہ جانکاری اپنے بلاگ پوسٹ کے ذریعے دی ہے۔ کمپنی نے کہا کہ وہ 31 جولائی سے ہیلو سروسز کو سپورٹ کرنا بند کر دے گی اور پچھلے 12 مہینوں میں خریدے گئے تمام ہیلو ڈیوائسز کو واپس کر دے گی۔
کمپنی نے اپنے بلاگ پوسٹ میں بتایا کہ کمپنی نے امریکہ اور کینیڈا کے دفاتر سے ملازمین کو مطلع کر دیا ہے۔ کمپنی نے اصل ہیلو بینڈ کو سال 2020 میں متعارف کرایا تھا۔ اسے فٹنس ٹریکر کے طور پر لانچ کیا گیا تھا۔ ایمیزون کی صحت کی نگرانی اور تجزیہ کی کچھ خدمات کی رکنیت بھی اس ڈیوائس کے ساتھ دستیاب تھی۔ اس کے بعد کمپنی نے Halo View اور Halo Rise کے نام سے ایک نیا ورژن لانچ کیا۔