واشنگٹن: امریکی صدر جو بائیڈن نے بھارتی نژاد امریکی بزنس ٹائیکون و سابق ماسٹر کارڈ کے سابق سی ای او اجے بنگا کو ورلڈ بینک کا سربراہ نامزد کر دیا۔ صدر بائیڈن نے بیان میں کہا ہے کہ اجے بنگا کو عالمی کمپنیوں کے ساتھ کام کرنے کا اچھا تجربہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اجے ورلڈ بینک کی قیادت کے لیے موزوں ہیں۔ اس وقت اجے بنگا جنرل اٹلانٹک میں وائس چیئرمین ہیں۔ اجے بنگا بھارت میں پیدا ہونے والے پہلے شخص ہیں جنہیں ورلڈ بینک کے سربراہ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔
جو بائیڈن نے کہا کہ بنگا عالمی بینک کی قیادت کرنے کی اہلیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے 30 برس سے زیادہ کا عرصہ عالمی کمپنیوں کی تعمیر اور ان کا انتظام کیا ہے۔ یہ کمپنیاں ترقی پذیر معیشتوں میں ملازمتیں پیدا کرتی ہیں۔ بائیڈن نے کہا کہ بنگا کا لوگوں اور نظاموں کو سنبھالنے اور بہتر نتائج دینے کا ایک اچھا ٹریک ریکارڈ ہے۔ اجے بنگا کو نامزد کرتے ہوئے جو بائیڈن نے کہا کہ اجے اس تاریخی اور نازک لمحے میں ورلڈ بینک کا چارج سنبھالنے کے لیے موزوں ترین شخص ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اجے بنگا موجودہ دورے کے تمام چیلنجز بشمول ماحولیاتی تبدیلیوں کو نجی اور سرکاری وسائل کا استعمال کرتے ہوئے نمٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔'