حکومت کی جارحانہ پالیسیوں کی وجہ سے گذشتہ مالی سال کے دوران زراعت کی برآمدات میں 17.34 فیصد اضافہ ہوکر 41.25 بلین ڈالر ہو گیا ہے۔
مرکزی وزارت تجارت و صنعت کے سکریٹری ڈاکٹر انوپ ودھاون نے یہاں جمعرات کو پریس کانفرنس میں بتایا کہ مالی سال 2020-21 کے دوران زرعی برآمدات میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا گیا ہے۔ گذشتہ تین برسوں تک جمود کا شکار رہنے کے بعد مالی سال 2020-21 کے دوران زراعت اور اس سے منسلک مصنوعات کی برآمدات بڑھ کر 41.25 بلین ڈالر ہو گیا۔ اس میں 17.34 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
مالی سال 2017-18 میں زرعی برآمدات 38.43 بلین ڈالر ، 2018-19ء میں 38.74 بلین ڈالر اور 2019-20 میں 35.16 بلین ڈالر رہا تھا۔ 2020-21 کے دوران روپے کی مد میں زرعی برآمدات میں 22.62 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
ودھاون نے بتایا کہ کووڈ وبائی بیماری کے دوران عالمی سطح پر اشیائے خوردونوش کی مانگ میں تیزی آئی ہے اور ہندوستان اس بڑھتی ہوئی طلب کا فائدہ اٹھانے میں کامیاب رہا ہے۔