وزارت شہری ہوا بازی کی جوائنٹ سکریٹری اوشا پاڑھی نے بتایا کہ فضائی خدمات 25 مئی سے دوبارہ شروع ہونے کے بعد سے تقریباً 27 لاکھ افراد سفر کر چکے ہیں۔ ان میں 800 سے زائد افراد کے کووڈ 19 سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ 27 لاکھ مسافروں میں محض 800 کورونا متاثر ہوئے ہیں جو بے حد کم ہے۔
چیمبرس آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی جانب سے شہری ہوابازی کے شعبے پر منعقد ایک ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے اوشا پاڑھی نے کہا کہ 'جو لوگ ہوائی سفر کے بعد متاثر پائے گئے تھے ان کے رابطے میں آنے والے متاثرین کے بارے میں مکمل معلومات اکٹھا کی گئی ہے نیز ہوائی جہاز میں ان کے آس پاس بیٹھنے والے تمام مسافروں کے بارے میں معلومات بھی حاصل کر لی گئی ہے اور راحت کی بات یہ ہے کہ ان میں سے کوئی بھی کورونا متاثر نہیں پایا گیا ہے۔