مرکزی وزیر زراعت نریندر سنگھ تومر نے کہاکہ مرکزی حکومت کی جانب سے زراعت کے شعبے کو فروغ دینے کے لیے کیے گئے اقدامات سے ملک کے چھوٹے کسانوں کی اکثریت کی طاقت میں اضافہ ہوگا۔
بھارت کی آزادی کے امرت مہوتسو کے ایک حصے کے طور پر گلوبل انڈین سائنٹسٹ اینڈ ٹیکنو کریٹ (جی آئی ایس ٹی ) امریکہ کے زیر اہتمام ایک ویبینار سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر تومر نے جمعرات کو کہاکہ قومی خوردنی تیل مشن- پام آئل کے نفاذ کی منظوری کے حکومتی فیصلے کے نتیجے میں اس جامع مشن پر 11،040 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے۔ اس سے رقبے کو بڑھانے اور تیل کے بیجوں اور پام آئل کی پیداوار میں مدد ملے گی۔ اس سے کسانوں کو بہت فائدہ ہوگا، سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا، روزگار پیدا ہوگا اور درآمدات پر انحصار کم ہوگا۔ مرکزی حکومت کسانوں کو کسی بھی قسم کے نقصان سے بچانے کے لیے قیمت کا طریق کار بھی بنائے گی۔