حیدرآباد: ووڈافون آئیڈیا نے 7 ستمبر کو دوبارہ ری برانڈنگ کرتے ہوئے ایک نیا برانڈ لانچ کیا ہے۔ یہ 'وی آئی' کے نام سے جانا جائے گا۔ وی کا مطلب ووڈافون اور آئی آئیڈیا کے لیے ہے۔ ووڈافون اور آئیڈیا کا اگست 2018 میں انضام ہوا تھا۔ کمپنی نے آج ایک نئی برانڈنگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں برانڈز کا انضمام اب تک کا سب سے بڑا ٹیلی کام انضمام ہے۔
اس اعلان سے قبل ووڈا فون آئیڈیا کے شیئرز میں آج صبح کے کاروبار میں 10 فیصد تک کے اضافے کا رجحان دیکھا گیا تھا۔ تاہم اس اعلان کے بعد اس کے شیئر کی قیمت 3.72 فیصد اضافے کے ساتھ 12.50 روپے پر کاروبار کر رہی ہے۔
خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے حال ہی میں اے جی آر بقایا کی ادائیگی کو قسطوں میں 10 برس کے اندر ادا کرنے کی منظوری دی تھی۔ اس کے بعد ووڈا فون آئیڈیا بھارتی مارکٹ میں ٹکے رہنے کے لیے پوری کوشش کر رہی ہیں۔