نئی دہلی: پانچ برسوں بعد ملک میں ہوئی اسپکٹرم نیلامی سے حکومت کو 77814.80 کروڑ روپے ملے ہیں۔ ٹیلی کام سکریٹری انشو پرکاش نے اسپکٹرم نیلامی کاعمل مکمل ہونے کے بعد آج صحافیوں کو یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ ریلائنس جیو نے سب سے زیادہ 488.35 میگا ہرٹز کے لیے 57122.65 کروڑروپے کی بولی لگائی ہے۔ اس کے بعد بھارتی ایئرٹیل نے 355.45 میگاہرٹز کے لئے 18698.75 کروڑروپے کی بولی لگائی۔ ووڈافون آئیڈیا لیمیٹڈ نے سب سے کم 11.80 میگاہرٹز کے لئے 1993.4 کروڑروپے کی بولی لگائی ہے۔
انہوں نے کہا کہ نیلامی کے لیے 700 میگا ہرٹز، 800 میگا ہرٹز، 900 ، 1800، 2100 ، 2300 اور 2500 میگا ہرٹز بینڈ میں اسپکٹرم نیلامی کے لیے رکھا گیا ہے لیکن کمپنیوں نے 700 اور 2500 بینڈ میں بولی نہیں لگائی ہے۔